وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے بات چیت کا ٹاسک دیا ہے ، کوئی بات ہو گی تو سب کے سامنے ہوگی، کوئی بات چیت کسی سے چھپ کر نہیں ہو گی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مولانا صاحب کا مینڈیٹ چوری نہیں ہوا، ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔
علاوہ ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی خدمات کو سلام پیش کرتا ہوں، محکمہ محنت مزدوروں کے سارے پیکجز ڈبل کرے گا، صنعت کاروں کو بھی ریلیف دینے کی ضرورت ہے، مزدوروں کو پیسے دینے میں صنعت کاروں کو کوئی مسئلہ نہیں، ہر چیز کا علاج ہے، مجھے سارے علاج کا پتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس اور مسائل کے حل کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہوتی ہے، اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی قوانین میں اصلاحات کریں گے۔
دریں اثنا ایک انٹرویو میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پنچاب پولیس میں اصلاحات کی ضرورت ہے، وردیاں پہننے سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ میں کچھ کہتا ہوں تو سارے پیچھے پڑ جاتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے ایک بار پھر پی ڈی ایم کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں معاشی اور روزگار کی کیا صورتحال تھی؟ پی ڈی ایم کی پہلے کیا کارکردگی تھی اور اب کیا ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ باتوں اور ٹک ٹاک سے کچھ نہیں ہوتا، پنجاب پولیس الیکشن میں بدترین دھاندلی میں آلہ کار بنی رہی، پنجاب پولیس میں اصلاحات کرکے اسے ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔