سلمان کے گھر پر فائرنگ کیس میں گرفتار ملزم نے پولیس کی حراست میں خود کشی کرلی

بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کرنے کے کیس میں گرفتار ملزم نے جیل میں خود کشی کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے کے واقعہ میں گرفتار ملزم نے بدھ کو پولیس حراست میں خودکشی کی کوشش کی، اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا لیکن علاج کے دوران وہ  دم توڑ گیا۔

32 سالہ ملزم کی شناخت انوج تھاپن کے نام سے کی گئی تھی، اس پر ممبئی میں سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے 2 شوٹروں کو ہتھیار فراہم کرنے کا الزام تھا۔

پولیس کے مطابق انوج تھاپن نے پولیس حراست میں اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔ واقعے کے بعد اسے تشویش ناک حالت میں ممبئی کے جی ٹی اسپتال لے جایا گیا جہاں تھوڑی دیر بعد اس کی موت ہوگئی۔

واضح رہے کہ 14 اپریل کو باندرہ کے بینڈ اسٹینڈ پر واقع سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کی بالکونی میں 2 ملزمان نے فائرنگ کی تھی جس کا مقصد اداکار یا ان کے اہل خانہ کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ خوف پھیلانا تھا۔

بعد ازاں سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گجرات کے شہر بھوج سے گرفتار کیا گیا جن کی شناخت وکاس عرف وکی گپتا اور ساگر پال کے نام سے ہوئی تھی۔

واقعہ کی تحقیقات کے دوران انوج تھاپن کو ممبئی پولیس نے ایک اور ملزم سونو سبھاش چندر کے ہمراہ 25 اپریل کو پنجاب سے گرفتار کیا تھا۔