ججز کو خط کا معاملہ: سپریم کورٹ میں از خود نوٹس کیس کی آج تیسری سماعت

سپریم کورٹ میں ججز خط از خود نوٹس کیس کی آج تیسری سماعت ہوگی جس میں ہائیکورٹس کے ججز کی تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔

جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس اطہرمن اللہ، جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افنان 6 رکنی بنچ کا حصہ ہیں۔

عدالت نے اٹارنی جنرل سے الزامات کے جوابات یا تجاویز طلب کر رکھی ہیں۔

گزشتہ سماعت پر سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ کوئی خفیہ ادارہ جواب دینا چاہے تو اٹارنی جنرل کے ذریعے جمع کرا سکتا ہے، سپریم کورٹ نے وکلاء تنظیموں کو بھی تحریری جواب دینے کی ہدایت کی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں صوبائی ہائیکورٹس سمیت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے تجاویز جمع کرائیں، سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کی تجاویز پبلک کرنے کا حکم دیا تھا۔