بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار اور ارشد وارثی ان دنوں اپنی آئندہ آنے والی فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ کی اجمیر میں شوٹنگ میں مصروف ہیں، تاہم اس کامیڈی پروجیکٹ کےلیے اب ایک قانونی مسئلہ اٹھ کھڑا ہوا ہے۔
اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ایک سینئر قانون دان نے اجمیر کی عدالت میں فلم کی ٹیم کے خلاف عدالتی نظام کی بے توقیری کی درخواست دی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اجمیر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چندرابن سنگھ راٹھور نے فلمسازوں کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ فلم فرنچائز نے بھارتی عدالتی نظام کا مذاق اڑایا، جس کے نتیجے میں عدالتی نظام کا تصور داغدار ہوا ہے۔
اطلاعات کے مطابق چندرابن سنگھ راٹھور نے اپنی شکایت فلم کے پروڈیوسر، ہدایتکار اور اداکاروں کے خلاف داخل کرتے ہوئے کہا کہ وکلا اور ججوں کا تمسخر اڑایا گیا ہے۔