وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا حکومت سے عام معافی کا مطالبہ : عمران خان مذاکرات کےلیے تیار ہیں، مذاکرات کریں، اگر ہم غلط ہوئے تو مجھے پھانسی پر لٹکادیں، کارکنوں کیخلاف مقدمات ختم کرنےکا بھی مطالبہ

ڈی آئی خان میں جلسے سے خطاب میں علی امین گنڈاپور نے حکومت سے عام معافی کا مطالبہ کر دیا ۔

ڈی آئی خان میں پی ٹی آئی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات کےلیے تیار ہیں۔ آئیے عام معافی کا اعلان کرکے آگے بڑھتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ دھمکیاں نہیں چلیں گی، راج عوام کا ہے، گورنر راج نہیں چلے گا۔

علی امین نے کہا کہ پی ٹی آئی قصور وار نکلی تو وہ معافی مانگنے کو تیار ہیں، لیکن بے قصور نکلی معافی کون مانگے گا؟ انتخابات میں دھاندلی نہیں، دھاندلا ہوا ہے۔ ملک کے محافظوں کو چاہیے کہ ملک کو نااہلوں سے بچا کر پی ٹی آئی کا مینڈیٹ واپس دلوائیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلے کہہ دیا تھا کہ یہ مجھے جیل میں ڈالیں گے، آج بانی پی ٹی آئی کی ساری باتیں سچ ثابت ہوئیں، میں نے زبان کھولی تو یہ دنیا میں کہیں منہ دکھانے لائق نہیں ہوں گے

علی امین گنڈاپور نے کہا مذاکرات کے میز پر آجائیں اگر ہم غلط ہوگئے تو مجھے پھانسی پر لٹکادیں اگر آپ غلط ثابت ہوئے توہم ملک کی خاطر سب کو معاف کرتے ہیں۔

،ڈی آئی خان میں جلسے سے خطاب میں کہا ہمارے لیڈر کو رہا کرو اور ان کیساتھ بیٹھ کر ان کا مینڈیٹ واپس کرو، علی امین نے رہنماؤں اورکارکنان پرناجائز مقدمات ختم کرنےکا بھی مطالبہ کیا ۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنی تقریر کا اختتام ”پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد“ کے نعرے سے کیا۔