پاکستان نے مجھے زندگی کا اصل مقصد بتایا، میں پرسکون اور خوش ہوں، کلیئر اسٹیفن

امریکی خاتون کلیئر اسٹیفن نے پاکستان کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے مجھے زندگی کا اصل مقصد بتایا، وہ یہاں خود کو پرسکون محسوس کرتی ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں کلیئر اسٹیفن کا کہنا تھا کہ میں اور انور ایک پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے ہم چاہتے ہیں کہ ہم اس گاؤ ں میں ایک لائبریری بنائیں اور اسی دوران مجھے محسوس ہوا کہ ہم دونوں ایک اچھی ٹیم کے طور پر کام کر سکتے ہیں۔

ان کے ساتھ کام کرنا بہت اطمینان بخش ہے کیونکہ یہ لڑتے بالکل بھی نہیں ہیں اور چیزوں کو سمجھتے ہیں،کلیئر نے کہا کہ یہ وہ موقع تھا جب مجھے محسوس ہوا کہ مجھے انور سے بہتر کوئی نہیں مل سکتا۔

امریکا کے بجائے چترال میں رہنے کے سوال پر امریکی خاتون کا کہنا تھا کہ یہاں رہنا ایک ٹاسک ہے میں جب یہاں سے واپس گئی تھی تب مجھے سب نے سوال کیا کہ وہاں سہولیات نہیں تو تم کیسے رہو گی۔

کلیئراسٹیفن کا کہنا تھا کہ وہاں سہولیات کا ہونا نہ ہونا مسئلہ نہیں، وہاں پیرائیوسی کا مسئلہ ہے کیونکہ میں جہاں سے آئی ہوں وہاں انفرادی حیثیت سے رہتی آئی ہوں ا مریکا میں مجھے اکیلے پن کا احساس ہوتا تھا میں وہاں بس کام کام اور کام کرتی تھی۔

کلیئر اسٹیفن کا کہنا تھا کہ مجھے یہاں آکر محسوس ہوا کہ سب کے ساتھ رہنا کتنا خوشگوار احساس ہے میں یہاں کام تو کرتی ہوں لیکن سب کے ساتھ زندگی کا اصل مطلب انجوائے کر رہی ہوں میں یہاں خود کو پر سکون اور خوش محسوس کررہی ہوں۔یاد رہے کہ چترال کے پولو کے کھلاڑی سے کلیئر اسٹیفننے 2 مئی کو شادی کی تھی۔