گورنر نے زبان بند نہ کی تو گاڑیاں واپس لیکر پٹرول اور گرانٹ بند کر دوں گا ، علی امین گنڈا پور

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہمارا مینڈینٹ کسی دوسری جماعت کو نہیں دیا جا سکتا، چاہتے ہیں صوبے کے عوام کو جلد ازجلد انصاف ملے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ گورنرکے پاس آئینی عہدہ ہے ، سیاسی گفتگو سے اجتناب کریں ، اگر سیاسی گفتگو کرو گے تو منہ توڑ جواب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی گاڑی کا پٹرول بھی میرے بجٹ سے جاتا ہے، زبان بند نہ کی گورنر کی گاڑیاں بھی واپس لے لوں گا، اور آپ کی گرانٹ اور گاڑی کا تیل بھی بند کر دوں گا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ایسا نہ ہو، میں گورنر ہاؤس کو عجائب گھر ڈکلیئر کرکے آپ کو 2 کمروں کے گھر میں بھیج دوں، میں اگر کھڑا ہو گیا تو تم ڈی نوٹیفائی بھی ہو جاؤگے، میں مینڈیٹ سے آیا ہوں اور آپ  ایک کاغذ کے ٹکڑے سے آئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون کا احترام کرتے ہیں اس لیے عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، یہ کیا صوبے اور وفاق کے درمیان پل بنے گا، سندھ میں کئی سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے مگر انہوں نے کوئی کام نہیں کی۔