لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کا 36 گھنٹے تک آپریشن ، 2 دہشتگرد ہلاک

لکی مروت کے سرحدی علاقے میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے ساتھ منسلک وانڈہ ظریف والا پہاڑ اور شیخ بدین کے پہاڑی سلسلے میں دہشتگردوں کیخلاف کیا جانے والا آپریشن 36 گھنٹوں بعد مکمل ہو گیا۔

آپرہشن کے دوران دہشتگردوں نے پولیس اور سکیورٹی فورسیز پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جوابی کارروائی کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک اور تین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ہلاک دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، بم دھماکوں اور پولیس حملے میں بھی لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی بنوں کو مطلوب تھے۔ دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ اور بارود بھی برآمد کر لیا گیا، دونوں دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او لکی مروت نے کہا کہ شر پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔