ملتان: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کو کھانے پر دعوت دے دی۔
ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کے پی حکومت کو کہا ہےکہ مل کر وفاق سے عوام کے حقوق کا مقدمہ لڑتے ہیں، اپنے صوبے کا مقدمہ بنائیں گے اورمتعلقہ فورم پر بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کو دعوت دیتا ہوں میرے پاس کھانے پر آئیں،گورنر ہاؤس میں صوبائی حکومت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہورہی، ہم جھگڑا نہیں چاہتے، جھگڑنے کیلئے یہ فورم نہیں، آپ اپنی نا اہلی اور کوتاہی کو لفظی جنگ سے نا چھپائیں، آپ فلمی ڈائیلاگ کا شوق پورا کریں لیکن عوام کو ڈلیور کریں۔
گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ آپ جب سکھر جیل میں تھے کوئی آپ کے پاس نہیں آتا تھا، خورشید شاہ اور بلاول آپ کو جیل میں کھانا بھجواتے رہے، ہم مشکل وقت میں اپنے مخالفین سے ملتے ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی مجھے دعوت دیں ،ان کے پاس جانے کیلئے تیار ہیں، ہم گورنر راج لگا کر سیاسی یتیم کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے، ان سے کہوں گا خواب میں گورنر ہاؤس دیکھنا چھوڑ دیں۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ کے پی میں امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہے، مرکز سے کچھ چاہیے تو میں بات کروں گا، بجلی، پانی، گیس اور دیگر مقدمات وفاق کے سامنے رکھوں گا، چیزیں مل کر حل ہو سکتی ہیں، پنجاب حکومت سے کہوں گا کسانوں کے ساتھ کھڑی ہو ،باقی صوبے بھی کسان کے ساتھ کھڑے ہوں۔