وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی وفاق کو لوڈشیڈنگ کم کرنے کیلئے شیڈول جاری کرنے کی ڈیڈ لائن : صوبے کے واجبات میں سے کٹوتی کرکے عوام کو ریلیف دینے کا بھی مطالبہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے خیبرپختونخوا میں غیراعلانیہ اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لئے وفاقی حکومت کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے صوبے میں لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لئے آج رات تک شیڈول جاری کرنے کی ڈیڈلائن دیدی۔

سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ میں وفاقی وزیر توانائی اور وفاقی حکومت کو واضح پیغام دیتا ہوں، خیبر پختونخوا میں جاری ظالمانہ لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کے لئے بار بار بات کرنے کے باوجود صورتحال جوں کا توں ہے، میں مل بیٹھ کر مسئلے کا حل نکالنے کی بات کرتا ہوں، لیکن آپ شرافت کی زبان کو کمزوری سمجھتے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ میں واضح کرتا ہوں ہم کمزور نہیں ہیں، میں واضح پیغام دیتا ہوں کہ اگر آج رات تک لوڈشیڈنگ کو کم کرنے کے لئے شیڈول جاری نہ ہوا، لوڈشیڈنگ میں پانچ یا چھ گھنٹے کی کمی نہ آئی تو کل میں چیف پیسکو کے آفس جاکر خود شیڈول جاری کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ پیسکو چیف اگر صوبے میں رہے گا تو میرے شیڈول کے مطابق چلے گا، اگر کل تک لوڈشیڈنگ کا معاملہ ٹھیک نہ ہوا تو کل میں بجلی کا سارا سسٹم ٹیک اوور کروں گا، یہ میری دھمکی نہیں ٹائم لائن ہے، اس کے بعد بجلی آن آف کرنے کا بٹن صوبے کے لوگوں کے ہاتھ میں آئے گا۔

وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ پھر میں دیکھتا ہوں کہ آپ لوگ میرا حق کیسے نہیں دیتے، میں اپنا حق لینا جانتا ہوں، میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ صوبے کے واجبات میں سے کٹوتی کرکے میرے لوگوں کو چور کہنے کی بجائے انہیں ریلیف دیا جائے، ہم سستی بجلی دے رہے ہیں اور مہنگی خریدنے پر مجبور ہیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آپ لوگ مینڈیٹ چوری کرکے اقتدار میں بیٹھے ہیں اور میرے صوبے کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں، آپ میرے صوبے کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں اور میرے لوگوں پر بوجھ ڈال رہے ہیں، اگر آپ لوگ میرے صوبے کے حق پر ڈاکہ ڈالیں گے تو میں آپ کو آرام سے بیٹھنے نہیں دوں گا۔