راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹر فیصل سلطان کی نگرانی طبی ٹیم کا بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا جبکہ پمز اسپتال کے عملے نے ضروری بلڈ ٹیسٹ کے لیے خون کے نمونے بھی حاصل کرلیے اور بشری بی بی نے جیل میں طبی معائنے سے انکار کردیا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان اور بانی پی ٹی آئی کے اصرار کے باوجود بشری بی بی خون کے نمونے دینے کے لیے راضی نہ ہوئی، بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ عدالتی حکم کی روشنی میں کیا گیا۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنا اور اہلیہ بشری بی بی کا طبی معائنہ شوکت خانم aسپتال کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر فیصل سلطان کی نگرانی میں کرانے کی درخواست کی تھی جس پر عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے جیل انتظامیہ کو مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔
آج اڈیالہ جیل میں شوکت خاتم اسپتال کے ڈاکٹر فیصل سلطان کی نگرانی میں پمز اسپتال کے عملے نے بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی طبی معائنہ اور خون کے نمونے حاصل کیے، جبکہ اُن کے بلڈ ٹیسٹ پمز اسپتال کی لیبارٹری سے کرائے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا تھاکہ میڈیکل چیک کے دوران بشری بی بی بھی موقع پر موجود تھی لیکن انہوں نے میڈیکل چیک اپ نہیں کروایا، بانی پی ٹی آئی اور ڈاکٹر فیصل سلطان کے اصرار کے باوجود بشری بی بی طبی معائنے کے لیے راضی نہیں ہوئی اور خون کے نمونے بھی نہیں دئیے۔ ذرائع کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کے بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹس اور ڈاکٹر وں کی تحریری رائے احتساب عدالت میں پیش کی جائے گی۔