نارووال میں خواتین کی عزتوں سے کھلواڑ کرنے والے ملزمان اپنے انجام کو پہنچ گئے،2 ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نارووال میں ڈھلی نہر کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں دو ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، ملزمان پر لڑکیوں کواغوا اور اجتماعی زیادتی کا الزام تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان محمد زبیر اور محمد ماجد لڑکیوں کو زبردستی اغواء کرکے لے جاتے تھے،ملزمان دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر لڑکیوں سے اجتماعی جنسی زیادتی کرتے تھے اور لڑکیوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر بلیک میل بھی کرتے تھے،ملزمان کے خلاف پولیس اسٹیشن بدوملہی اور ندوکے میں مقدمات بھی درج تھے۔
پولیس کا کہناتھا کہ ملزمان مختلف خواتین کو جنسی ہراسگی کی ویڈیوز دیکھا کر رقم بھی وصول کرتے رہے، لڑکیوں کو جنسی ہراساں اور بلیک میل کرنے پر وزیر اعلٰی پنجاب نے نوٹس لیا تھا۔
پولیس نے لڑکیوں سے غیر اخلاقی حرکات اور ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرنے والے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا جبکہ پولیس دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے ریڈ کر رہی تھی،ملزمان کی گرفتاری کے دوران 2 ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے، جس کے بعد پولیس مقابلے کی انفرمیشن پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔