صحت کارڈ کی رقم 10 سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کی جائے گی، علی امین گنڈاپور

وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کی رقم 10 سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کی جائے گی۔

پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صحت کارڈ سے ملک بھر میں مخصوص اسپتالوں میں علاج ممکن ہے، صحت کے شعبے کو مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبہ معاشی بحران کا شکار ہے، ہم خود مختار لوگ ہیں لیکن بدقسمتی سے ہمیں مدد لینا پڑ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ہمارے لیے چیلنج ہے، امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا ہوگی۔