متحدہ عرب امارات نے پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کے ویزوں پر نئی پابندی لگا دی؟

سوشل میڈیا پر یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ دبئی نے 42 سال سے کم عمر کے تنہا سفر کرنے والے پاکستانی مردوں کو ویزا جاری کرنا بند کر دیا ہے۔ ان دعوؤں کے بعد خصوصاً یو اے ای کا سفر کرنے والے پاکستانیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر صارف نے ٹوئٹ کیا کہ دبئی نے 42 سال سے کم عمر کے تنہا سفر کرنے والے پاکستانی مردوں کو ویزہ جاری کرنا بند کر دیا ہے جس کا کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا اور مقامی ٹریول انڈسٹری کے کئی قابل اعتبار لوگوں نے اس کی تصدیق بھی کی ہے۔“

سوشل میڈیا پر مذکورہ ٹوئٹ تیزی سے وائرل ہوئی جس کے بعد ویزا پابندیوں کے بارے میں قیاس آرائیاں شروع ہوگئی۔

تاہم مکمل چھان بین پر انکشاف ہوا ہے کہ وائرل ہونے والی ٹوئٹ غیر مصدقہ اور غلط ہے۔ دبئی نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس نے حالیہ دنوں میں پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کرنا بند کیے ہیں۔

دبئی جانے والے 42 سال سے کم عمر کے تنہا سفر کرنے والے پاکستانی مردوں کے لیے وزٹ یا ورک ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

یہ پہلا واقعہ نہیں جس میں غلط معلومات پھیلائی گئی ہو۔ اس سے قبل گزشتہ برس اسی طرح کی افواہوں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے کئی پاکستانی شہروں کے رہائشیوں کو وزٹ ویزے کا اجرا روک دیا ہے۔

ان افواہوں کے تدراک کے لیے پاکستان کے دفتر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کی طرف سے بعض شہروں سے پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے پر کسی خاص پابندی کی تردید کی۔

کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصلیٹ جنرل نے بھی ان افواہوں کو ”جعلی خبریں“ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایسی کوئی پابندیاں نافذ نہیں کی گئیں۔