پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان رؤف حسن پر حملے کا مقدمہ چار نامعلوم خواجہ سراؤں کیخلاف درج کرلیا گیا۔
اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں درج مقدمے میں مدعی نے کہا کہ مختلف چینلز میں پی ٹی آئی کی نمائندگی کرتا ہوں۔
حملے سے متعلق بتایا گیا کہ نجی چینل کی پارکنگ کی طرف جارہا تھا، باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت روک کر تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا۔
مدعی کے مطابق ’حملہ کرنے والے جان سے مارنے کی دھمکیاِں بھی دے رہے تھے، کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، قانونی کارروائی کی جائے‘۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر نامعلوم افراد نے منگل کے روز حملہ کیا تھا، جس سے وہ زخمی ہوئے۔
نامعلوم افراد کی جانب سے پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن پر حملہ اسلام آباد میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر کیا گیا تھا۔
ابتدائی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ ترجمان پی ٹی آئی پر نامعلوم افراد نے چاقو سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔