سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ اسٹریٹ کرائم میں ایک ماہ میں پچاس فیصد سے زیادہ کمی ہوئی ہے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) میں خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ سوچی سمجھی سازش کے تحت کراچی میں حالات خراب کیے گئے، سیاسی مقاصد کے لیے ٹارگٹ کیا گيا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ صوبہ سندھ کو سیاسی مقاصد کیلئے ٹارگٹ کیا گیا، سندھ حکومت کی ذمےداری بھی زیادہ ہے اور ہم جوابدہ بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دھابیجی اکنامک زون لا رہی ہے، انڈسٹریل زون میں جو لوگ صنعتیں لگائیں گے تو مشینری کی امپورٹ پر ڈیوٹی بھی نہیں ہوگی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ 15 سال پہلے سندھ میں حالات بہت خراب تھے، لوگ قافلوں کی صورت میں جایا کرتے تھے، اسٹریٹ کرائم میں ایک ماہ میں پچاس فیصد سے زیادہ کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر حکومت کی ترجیح ہوتی ہے کہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہو، سندھ میں صوبائی حکومت کی بنائی گئی سڑکیں آپ کو بہتر نظر آئیں گی، سکھر حیدرآباد موٹر وے وفاقی حکومت کے انڈر آتاہے، کراچی کے لوگ سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں، کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں ریڈ لائن اور یلو لائن بی آرٹی جب مکمل ہوجائےگی تو زبردست قسم کا ٹرانسپورٹ کا انفرا اسٹرکچر نظرآئےگا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کو شٹل سروس بھی دیں گے۔