پشاور میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوال علی امین گنڈا پور کی زیرِ صدارت کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں بجٹ تجاویز منظوری کے لیے پیش کی گئی ہیں۔
صوبائی وزراء، معاونین، مشیر اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہیں۔
حکام کے مطابق اجلاس میں صوبے کے مالی سال25-2024ء کے بجٹ کی تجاویز کی منظوری دی جائے گی۔
خیبرپختونخوا حکومت کی بجٹ تجاویز
دستاویز کے مطابق خیبر پختون خوا حکومت کی جانب سے بجٹ 25-2024ء کے بجٹ میں پولیس کے لیے 93 ارب 49 کروڑ روپے مختص کرنے، پولیس کی سیلری کے لیے 79 ارب 28 کروڑ روپے رکھنے اور پولیس کی نان سیلری کی مد میں 6 ارب 58 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
محکمۂ جیل خانہ جات کے لیے 6 ارب 81 کروڑ روپے مختص کرنے، محکمۂ جیل خانہ جات کی تنخواہ کے لیے 3 ارب 86 کروڑ رکھنے، محکمۂ جیل خانہ جات کی نان سیلری کی مد میں ساڑھے 2 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
محکمۂ اسپورٹس و کلچر کے لیے 72 کروڑ روپے رکھنے، محکمۂ سیاحت کے لیے 1 ارب 26 کروڑ روپے مختص کرنے، محکمۂ داخلہ کے لیے 2 ارب 70 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لیے 630 ارب روپے رکھنے، پنشن کے لیے 166 ارب روپے مختص کرنے، اسپتالوں میں تنخواہوں اور نان سیلری کے لیے 55 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ کی مد میں وفاق سے 108 ارب روپے ملنے ، ونڈ فال لیوی کے مد میں حکومت کو 46 ارب روپے ملنے، بجلی کے خالص منافع کی مد میں وفاق سے 33 ارب روپے ملنے اور بجلی کے خالص منافع کے 78 ارب روپے کے بقایا جات ملنے کی توقع ہے۔