وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اپنا حق لینا ہم جانتے ہیں، 15 دن بعد بتاؤں گا کہ صوبہ کس کا ہے؟ بٹن کس کا ہے؟ بجلی کس کی ہے؟
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنی اصلاحات کر رہے ہیں، معیشت کو خود بہتر بنائیں گے۔ یہ ہمیں نہیں بلا رہے، ایس آئی ایف سی میں ہم ان کو سپورٹ کر رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہا بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ذمے داروں کو عوام مسترد کر دیں۔ ہم ان کے پابند یا غلام نہیں ہے، ان کے رویے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑ رہا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اپنے صوبے کے شیئر پر ہم بالکل سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اگر انہیں لگتا ہے کہ ہمارے پاس ڈائریکٹ انویسٹر نہیں آئے گا تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔
وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم ان سے زیادہ انویسٹرز لا سکتے ہیں، اگر انہیں ہماری ضرورت نہیں تو ہمیں بھی ضرورت نہیں۔ ہماری تیاری مکمل ہے اس لیے وفاق سے پہلے بجٹ پیش کر رہے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے بجٹ 2045-25 سے متعلق انہوں نے کہا کہ بجٹ عوام دوست ہوگا، ہم میں اتنی اہلیت ہے کہ اپنے وسائل بروئے کار لا سکتے ہیں۔ ہماری تیاری مکمل ہے اس لیے وفاق سے پہلے بجٹ پیش کر رہے ہیں۔