وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے پشاور کے علاقہ حسن خیل میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے کیپٹن حسنین اور حوالدار شفیق اللہ کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی، انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے ان جوانوں نے جوانمردی اور بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
سردارعلی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، سکیورٹی فورسز کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔