کے پی ریسکیو 1122 نے ایم این اے اور اسپتال کیخلاف کارروائی کیلئے حکومت کو خط لکھ دیا

خیبرپختونخوا کی ریسکیو 1122 نے لاوارث مریض کی منتقلی کے معاملے پر ایم این اے ذوالفقار خان اور  میاں راشد شہید میموریل اسپتال کی  انتظامیہ کیخلاف کاروائی کیلئے صوبائی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔

گزشتہ روز نوشہرہ میں لاوارث مریض کی منتقلی کے معاملے پر ایم این اے کی ریسکیو ڈرائیور سے نازیبا گفتگو اور ڈرائیور کو دھکے دینے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کے ایم این اے ذوالفقار خان کی جانب سے حقائق جانے بغیر ریسکیو  اہلکار کو گالیاں دی گئیں اوریونیفارم میں موجود اہلکار کی عزتی کی گئی تھی۔

خط میں لکھا گیا کہ 30 اپریل کو میاں راشد شہید میموریل اسپتال میں مریض کو طبی سہولت دینے کے بجائے اسپتال کے باہر صحن میں چھوڑ دیا گیا تھا، جہاں مریض رات کو ہی دم توڑ گیا۔

ریسکیو 1122 نوشہرہ کے ترجمان کے مطابق پرچی پر اسپتال عملے کی جانب سے ریفر کرنے کی ہدایت نہیں لکھی گئی تھی، پروٹوکول کے مطابق پرچی پر ریفر لکھے بغیر کسی بھی مریض کو دوسرے اسپتال منتقل نہیں کیا جا سکتا۔