ایک کتے نے 4 میل دوڑ کر حادثے کے شکار مالک کی جان بچالی

کتوں کو انسانوں کا سب سے زیادہ وفادار جانور مانا جاتا ہے اور یہ خیال غلط بھی نہیں۔

امریکا میں ایک کتے نے اپنے مالک کی جان بچالی جو ٹریفک حادثے کے باعث ایک کھائی میں پھنس گیا تھا۔

یہ واقعہ ریاست اوریگن میں برینڈن جیرٹ کے ساتھ پیش آیا جو 4 کتوں کے ساتھ Hells Canyon Scenic Byway پر گاڑی ڈرائیو کر رہے تھے۔

مگر ایک جگہ گاڑی کنٹرول سے باہر ہوگئی اور وہ کھائی میں گرگئی۔

بیکر کاؤنٹی کے شیرف آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ واقعہ 2 جون کو پیش آیا تھا۔

حادثے کے بعد برینڈن جیرٹ کے 4 میں سے ایک بلیو نامی کتا دوڑ کر 4 میل دور ایک کیمپ پر پہنچا۔

اس کیمپ میں برینڈن جیرٹ اور ان کا بھائی مقیم تھے۔

کتے کو دیکھ کر کیمپ می موجود افراد کو اندازہ ہوگیا کہ برینڈن جیرٹ کے ساتھ کچھ برا ہوا ہے۔

برینڈن جیرٹ نے پوری رات حادثے کی جگہ پر گزاری تھی اور اپنی تباہ شدہ گاڑی سے 100 گز دوری پر ایک کیمپ لگایا۔

ان کے خاندان کے افراد نے اگلی صبح گاڑی کو دریافت کیا مگر مشکل راستے کی وجہ سے برینڈن جیرٹ تک رسائی حاصل نہیں کرسکے، جس کے بعد انہوں نے انتظامیہ سے رابطہ کیا۔

بیکر کاؤنٹی کے شیرف آفس سمیت دیگر ریسکیو اداروں نے حادثے کے مقام پر پہنچ کر برینڈن جیرٹ کی تلاش شروع کر دی۔

کچھ دیر کی تلاش کے بعد برینڈن جیرٹ اور ان کے 3 کتوں کو ڈھونڈ لیا گیا اور آریوں کی مدد سے راستہ بنایا گیا۔

انہیں رسیوں کے ذریعے واپس اوپر لے جایا گیا اور مقامی اسپتال تک پہنچایا گیا۔

جہاں ان کی حالت بہتر ہونے کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

شیرف آفس کی جانب سے جاری بیان میں کتے کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس نے حیرت انگیز طریقے سے ایک شخص کی جان بچالی۔