سینیٹر دنیش کمار نے سود پر اللہ کا حکم یاد دلا کر حکمرانوں کو ’منافق‘ قرار دے دیا

اسلام آباد: سینیٹ میں بجٹ سیشن کے دوران اقلیتی رکن سینیٹر دنیش کمار نے سود سے متعلق اللہ کا حکم یاد دلاتے ہوئے حکمرانوں کو لین دین پر ’منافق‘ قرار دے دیا۔

سینیٹ اجلاس میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ وفاق سود پر صوبوں کو پیسے دے رہا ہے جبکہ اسلامی تعلیمات میں تو سود اللہ سے جنگ ہے تو ہم کیوں سود کی لین دین کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت غیر مسلم مجھے اس منافقت پر شرم آتی ہے۔

دنیش کمار نے ایوان میں عدم حاضری پر حکومت اور وفاقی وزرا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’اس ایوان میں سب جھوٹ ہے اور کوئی وزیر یا حکومتی رکن موجود نہیں ہے، یہ ہمارے لیے لعنت کا مقام ہے کیونکہ ہم عوام کے پیسوں کو بے دریغ انداز سے لوٹ رہے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم تجاویز دینگے ایک بھی تجویز پر عمل نہیں ہوگا اگر ہوا تو ایک سال ایوان میں نہیں آوں گا۔

اُدھر جمعیت علما اسلام کے سینیٹر مولانا عبد الواسع نے سینیٹر دنیش کمار کی تقریر اور سود سے متعلق اللہ کے حکم کی یاد دہانی پر ندامت کا اظہار کیا اور کہا کہ ’ایک ہندو سینیٹر نے سود سے متعلق اللہ کا حکم پڑھ کر سنایا، یہ ہم سب کیلیے شرم کا مقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اس پر خود کو علامتی تھپڑ مارتا ہوں اور پھر انہوں نے اپنے منہ پر تھپڑ مار کر کہا کہ اللہ کے حکم کی عدولی نہ کریں اور سود کے معاملات ترک کردیں۔