وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی کےعلی امین گنڈا پور کوڑا اٹھانے کی بجائے آج بھی دھمکیاں دے رہے، کوڑا تو اٹھا لو پھر دھمکیاں بھی دے لینا، کوڑا اٹھا نہیں سکتے دھمکیوں پر اکتفا کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف چھٹی کے دن بھی چھٹی نہیں کرتی تو ہمیں بھی آنا پڑتا ہے عید کے موقع پر حادثات کا افسوس ہوا، لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے عید کی چھٹی نہیں کی تو ہمیں چھٹی کیسے مل سکتی ہے، شہباز شریف کے گولڈ سیٹ پیٹرن پر شہر صاف ہوتا تھا، پھر گندگی بھری حکومت دیکھی جس نے پورے پنجاب کو گندا کردیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شہباز شریف کے گولڈ پیٹرن کو ڈائمنڈ پیٹرن سے ریپلیس کیا، شہر میں پہلی مرتبہ 32 لاکھ بیگ تقسیم کیے گئے، شہر کی سڑکوں کو فرنائل اور عرق گلاب سے دھویاگیا، وزیر بلدیات اور سیکرٹری بلدیات ابھی بھی فیلڈ میں ہیں، اس عید کے سیٹ پیٹرن کو میٹ کرنا ممکن نہیں ہوگا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے دن رات محنت کرکے نیا پیٹرن سیٹ کیاہے، سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرہ ویسٹ پالیسی پر عمل درآمد کیاگیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے انعام کا اعلان کیا، پنجاب میں 18 لاکھ 17 ہزار مویشیوں کی قربانی کی گئی، 54 ہزار افراد نے کام کیا، 7 ہزار سےزائد ورک فورس کی خدمات حاصل کی گئیں، 11 ہزار 918 میشنیری بائی کی گئی، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے، اس مرتبہ بیوپاریوں سے فراڈ کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، 75 ہزار 496 ٹن ویسٹ لفٹ کیاگیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کےعلی امین گنڈا پور کوڑا اٹھانے کے بجائے آج بھی دھمکیاں دے رہے، کوڑا تو اٹھا لو پھر دھمکیاں بھی دے لینا، کوڑا اٹھا نہیں سکتے دھمکیوں پر اکتفا کرتے ہیں، بیرسٹر سیف کا سارا فوکس وزیراعلی پنجاب پر تنقید کرنے پر ہے، لاہور آجائیں آپ کو بتاتے ہیں کوڑا کیسے اٹھاتے ہیں، عوام کو ٹرانسپورٹ کے کرایوں کی مد میں بھی ریلیف دیا۔