پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے صوبے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔
پیسکو حکام کے مطابق صوبے میں پیسکو کے 1300 سے زیادہ فیڈرز ہیں جن میں سے 156 فیڈرز پر صرف 2 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، 135 فیڈرزپر 20 سے 30 فیصد لاسز ہیں جہاں 6 گھنٹےکی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جب کہ 96 فیڈرز ایسے ہیں جن پر لاسز 30 سے40 فیصد ہیں اور وہاں 7 گھنٹےکی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
پیسکو انتظامیہ کا بتانا ہے کہ 143 فیڈرزپر 40 سے 60 فیصد تک لاسز ہیں اور وہاں 12 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، 157 فیڈرزپرلاسز 60 سے 80 فیصد ہیں اور وہاں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹےہے جب کہ 159 فیڈرز پر لاسز 80 فیصد سےزیادہ ہیں جس بناء پر 20 گھنٹےکی لوڈ شیڈنگ کی جاری ہے۔
ترجمان پیسکو کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 سے6 گھنٹے ہے جب کہ مضافاتی علاقوں میں 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
پیسکو حکام کے مطابق بجلی چوری اور واجبات کی عدم ادائیگی کےباعث لاسز زیادہ ہیں اور ایسے فیڈرز پر زیادہ لوڈ مینجمنٹ کرنا ناگزیر ہے۔