بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے مذاکرات کرنا چاہتا ہوں، اپنی ذات یا حکومت کے لیے نہیں، مگر مذاکرات کیے تو (ن) لیگ کی حکومت چلی جائے گی ، پہلے بھی کہا تھا اگر میرے پیچھے ہٹنے سے ملک کو فائدہ ہوتا ہے مجھے مطمئن کریں میں پیچھے ہٹ جاتا ہوں۔
جمعہ کو اڈیالہ سینٹرل جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ( ن) لیگ سے ہم کیا مذاکرات کریں اور کیا موسم کی بات کریں، مذاکرات ایسے نہیں ہوتے، محمود خان اچکزئی اگر کوئی پیشکش لے کر آئیں گے تو پھر مذاکرات کرنے کا سوچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے محمود خان اچکزئی کو سیاسی اتحاد کے ساتھ بات کرنے کی اجازت دی ہے ، ملک کو سرجری اور مینڈیٹ والی حکومت کی ضرورت ہے جو ریفارمز کرکے ملک کو بچا سکے ، موجودہ بجٹ نے ثابت کیا کہ مینڈیٹ کے بغیر حکومت ریفارمز نہیں کرسکتی۔