ایک شخص پہاڑی علاقے میں راستہ بھول کر 10 دن تک بھٹکتا رہا اور اپنی بقا کے لیے زیادہ مقدار میں پانی پیتا رہا۔
یہ واقعہ امریکا میں پیش آیا۔
34 سالہ لوکاس میککلش امریکی ریاست کیلیفورنیا کی سانتا کروز پہاڑیوں میں 11 جون کو 3 گھنٹے کی ہائیکنگ کے لیے گئے۔
مگر 3 گھنٹے کا یہ ٹرپ 10 دن تک پھیل گیا کیونکہ وہ پہاڑیوں میں بھٹک گئے تھے۔
لوکاس میککلش کے خاندان نے 16 جون تک ان کا انتظار کیا اور پھر گمشدگی کو رپورٹ کیا جس کے بعد ان کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کیا گیا۔
انہیں 20 جون کو دریافت کیا گیا اور اس حوالے سے سانتا کروز شیرف آفس کے ڈرون نے اہم کردار ادا کیا۔
حکام کے مطابق لوکاس میککلش کو Big Basin Redwoods State Park میں دریافت کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لوکاس میککلش زیادہ زخمی نہیں تھے اور اب اپنے خاندان سے مل چکے ہیں۔
مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے لوکاس میککلش نے کہا کہ 'اس مشکل نے مجھے تھکا دیا ہے اور میری آواز بھی گم ہو گئی ہے'۔
انہوں نے بتایا کہ 'میں صرف جوتوں، ٹوپی، فلیش لائٹ اور تن پر موجود کپڑوں کے ساتھ روانہ ہوا اور چونکہ 3 گھنٹے کا ٹور تھا تو کھانے کا سامان بھی نہ ہونے کے برابر تھا'۔
ان کا کہنا تھا کہ آبشاروں اور جھیلوں کا بہت زیادہ پانی پینے سے انہیں بچنے میں مدد ملی جبکہ وہ خوراک کے طور پر جنگلی بیریز استعمال کرتے رہے۔