ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پہلے سیمی فائنل میں افغانستان کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ : ایونٹ کا فائنل ہفتہ 29 جون کو برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں افغانستان نے جنوبی افریقا کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اوینٹ کے پہلے سیمی فائنل کیلئے افغانستان اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں مد مقابل ہیں۔

آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان شام ساڑھے سات بجے پروویڈینس میں ہوگا۔

ایونٹ کا فائنل ہفتہ 29 جون کو برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

آج کے میچ کے لیے ایک اضافی دن بھی رکھا گیا ہے، بارش کی صورت میں سیمی فائنل کل ریزرو ڈے پر مکمل ہوگا۔

واضح رہے کہ افغانستان نے سپر 8 مرحلے میں ایونٹ کی خطرناک ٹیم آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔

اس کے بعد افغانستان کی ٹیم نے بنگلادیش کو ڈک ورتھ لوئیس سسٹم کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

جنوبی افریقا کی ٹیم نے سال 2009 اور 2014 میں سیمی فائنل کھیلا تھا لیکن اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس مرتبہ وہ ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا عزم لیکر میدان میں اتری ہے۔