پاکستان کے 4 کھلاڑی ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے۔
اسلام آباد میں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے مقابلے جاری ہیں جہاں پاکستان کے 4 کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز کے فائنل میں کوالیفائی کرلیا۔
انڈر 15 کا آل پاکستان فائنل پاکستان کے حذیفہ شاہد اور سہیل عدنان کے درمیان ہوگا جبکہ انڈر 17 میں پاکستان کے عبداللہ نواز فائنل میں پہنچ گئے۔
عبداللہ نواز نے ملائیشیا کے کھلاڑی التمش سلام بن حاجی کو تین ۔ صفر سے ہرایا۔
دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کے اذان علی کو ملائیشین پلیئر نے شکست دی۔
اس کے علاوہ انڈر 19 میں پاکستان کے حمزہ خان نے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔حمزہ نے سیمی فائنل میں ہم وطن محمد عماد کو تین ۔ صفر سے شکست دی۔
حمزہ خان فائنل میں ملائیشیا کے حارث دانیال سے مقابلہ کریں گے۔