ویرات کوہلی کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

انہوں نے یہ اعلان بارباڈوس کے کینسنگٹن اوول میں بھارت کے دوسری بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائل جیتنے کے فوراً بعد کیا۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق فائنل میں 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام وصول کرتے ہوئے ویرات کوہلی نے کہا کہ ’یہ میرا آخری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تھا اور یہ بالکل وہی ہے جو ہم حاصل کرنا چاہتے تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ نوجوان کھلاڑی آگے آئیں اور ٹیم کے لیے کچھ کر دکھائیں، شکر گزار ہوں کہ میں ٹیم کے لیے کام کرنے میں کامیاب رہا اور یہ سب سے اہم تھا۔‘

ویرات کوہلی نے 125 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بھارت کی نمائندگی کی اور ایک سنچری اور 38 نصف سنچریوں کی مدد سے 48.69 کی اوسط اور 137.04 کے اسٹرائیک ریٹ سے 4 ہزار 188 رنز بنائے۔