اگر آپ نے اٹلی میں رہائش کا خواب دیکھا ہے تو یہ خواہش پوری ہوسکتی ہے بلکہ وہاں منتقل ہونے پر آپ کو لاکھوں روپے بھی مل سکتے ہیں۔
جی ہاں واقعی اٹلی کے خطے تسکانی کے دیہی علاقوں میں آکر بسنے والے افراد کو 30 ہزار یورو تک (لگ بھگ 90 لاکھ پاکستانی روپے) دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ویسے تو یہ تصور کرنا مشکل ہے کہ اتنے خوبصورت مقام پر آکر بسنے والے افراد کو رقم دی جائے مگر اس منصوبے کا مقصد آبادی کی کمی کے مسئلے پر قابو پانا ہے۔
اس مقصد کے لیے تسکانی کے حکام نے جون 2024 میں ایک پروگرام متعارف کرایا جس کے لیے 28 لاکھ یورو مختص کیے گئے۔
اس فنڈ کا مقصد خطے کے دیہی علاقوں میں آبادی کو بڑھانا ہے اور اس مقصد کے لیے وہاں منتقل ہونے والوں کو 10 ہزار سے 30 ہزار یورو تک دیے جائیں گے جسے وہ گھر کی آرائش پر خرچ کرسکیں گے۔
پروگرام کی ویب سائٹ میں بتایا گیا کہ اس کا مقصد آبادی کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں کو سماجی و معاشی لحاظ سے بہتر بنانا ہے۔
تسکانی کے 5 ہزار سے کم آبادی والے 76 قصبوں یا شہروں میں رہائش کے لیے گھر کی تزئین نو کے 50 فیصد اخراجات اس پروگرام کے تحت دیے جائیں گے۔
یہ پروگرام اطالوی شہریوں کے ساتھ یورپی یونین کے رہنے والوں اور یورپی یونین سے باہر کے ایسے شہریوں کے لیے ہے جن کے پاس اٹلی کا 10 سال کا ویزا موجود ہو۔
اہل افراد کو تسکانی کی جائیداد کو اپنا مرکزی گھر بنانا ہوگا یا یوں کہہ لیں کہ وہاں مستقل قیام کرنا ہوگا۔
اس پروگرام کے لیے درخواستیں 27 جولائی تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔
اٹلی کے مختلف خطوں میں آبادی کی کمی کے باعث اکثر اس کے پروگرام سامنے آتے رہتے ہیں۔
گزشتہ دنوں سسلی کے قصبے Sambuca di Sicilia میں 3 یورو میں گھر فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے۔
اسی طرح نومبر 2022 میں اٹلی کے قصبے Presicce میں آکر بسنے والے افراد کو 30 ہزار یورو دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
2022 میں ہی اٹلی کے جزیرے سارڈینیا کی جانب سے وہاں مستقل رہائش اختیار کرنے پر فی کس 15 ہزار یورو دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تسکانی وسطی اٹلی میں واقع خوبصورت خطہ ہے جس میں پہاڑی علاقوں کی تعداد زیادہ ہے۔