آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی فاتح ٹیم بھارت کی وکٹری پریڈ دیکھنے پورا ممبئی اُمڈ آیا، سمندر کنارے ناقابلِ یقین مناظر نے سب کو حیران کردیا۔
گزشتہ روز بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے میرین ڈرائیو سے وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم تک بس پر وکٹری پریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ بھارتی ٹیم کو شائقین کے جمِ غفیر کے باعث ممبئی ایئرپورٹ سے بس تک جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میرین ڈرائیو پر بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وکٹری پریڈ ہوئی تو ہزاروں شائقین کرکٹ بھارتی کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے میرین ڈرائیو پر پہنچ گئے۔ بھارتی کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی نے ٹرافی اٹھا کر شائقین کا شکریہ ادا کیا۔
وکٹری بس پریڈ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم پر جاکر اختتام ہوئی جہاں بھارتی ٹیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تقریب میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے فاتح ٹیم کو 125 کروڑ انڈین روپے کا چیک تھمایا۔
بعد ازاں بھارتی ٹیم نے وانکھیڈے کرکٹ گراؤنڈ کا چکر لگایا اور اپنی فتح بھارتی شائقین کے نام کی۔ اس موقع پر روہت شرما، ویرات کوہلی اور سوریا کمار ڈانس بھی کرتے دکھائی دیے۔
خیال رہے کہ بھارتی ٹیم گزشتہ روز بارباڈوس سے خصوصی طیارے سے نئی دلی پہنچی تھی۔ ہوٹل میں کچھ دیر قیام کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما ٹیم کے ہمراہ ٹرافی اٹھائے وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر انکی رہائش گاہ پہنچے تھے۔