شہری نے اہلیہ سے جھگڑے اور مالی پریشانی کے سبب خودکشی کرلی

اورنگی ٹاؤن میں شہری نے اہلیہ سے جھگڑے اور مالی پریشانی کے سبب تنگ آکر خودکشی کرلی۔

مومن آباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤں فقیر کالونی پریشان چوک قبرستان کے قریب گھر سے متصل بیٹھک میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول ٹراما سینٹرمنتقل کی گئی۔

متوفی کی شناخت 35 سالہ علی شیر ولد امیر گل کے نام سے کی گئی، متوفی شخص تین بچوں کا باپ اور کپڑے کی فیکٹری میں کام کرتا تھا، متوفی سیاسی جماعت کا علاقائی ذمہ داربتایا جاتا ہے۔

ایس ایچ او مومن آباد شہباز یوسف نے بتایا کہ متوفی نے گھریلو لڑائی جھگڑوں اور مالی پریشانیوں سے تنگ آکر خود کو کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کی ہے، پولیس نے جائے وقوع سے پستول بھی برآمد کرلیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ متوفی کا صبح اپنی بیوی سے بھی کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا اور کچھ دیر کے بعد متوفی نے خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔