ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء کے بڑے میچ میں پاکستان نے اپنے روایتی حریف بھارت کو 68 رنز کے مارجن سے شکست دے دی، 244 رنز کے ہدف کے جواب میں بھارتی ٹیم 175 رنز ہی بنا پائی۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی میزبانی میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء کے بڑے میچ میں انڈیا چیمپئنز کے کپتان ہربجن سنگھ نے ٹاس جیت کر پاکستان چیمپئنز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، دونوں ٹیمیں برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ سٹیڈیم میں مد مقابل ہوئیں۔
بھارتی کپتان کی دعوت کا پاکستانی بیٹرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا، پہلے دونوں میچوں میں ناکام رہنے والے کامران اکمل اور شرجیل خان نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے بھارتی باؤلرز کی خوب درگت بنائی، دونوں اوپنرز نے 10.4 اوورز میں 145 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
پہلی وکٹ شرجیل خان کی گری انہوں نے 30 بالز پر 72 رنز بنائے، دوسرے نمبر آنے والے صہیب مقصود نے بھی بھارتی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی، 189 کے مجموعی سکور پر کامران اکمل بھارتی باؤلر نیگی کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 40 بالز پر 77 رنز کی اننگز کھیلی۔
اوپنر کامران اکمل کے بعد شعیب ملک نے صہیب مقصود کا بھرپور ساتھ دیا اور ٹیم کا مجموعی سکور 230 تک پہنچا دیا اور پھر صہیب کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، شاہد آفریدی بغیر کھاتہ کھولے ہی آؤٹ ہوئے، شعیب ملک 25 اور عامر یامین 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے، بھارت کی جانب سے عرفان پٹھان سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے، انہوں نے ایک اوور میں 25 رنز دیئے، آر پی سنگھ، انوریت سنگھ، دھول کلکرنی اور پون نیگی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی جانب سے ملنے والے بڑے ہدف کے جواب میں بھارتی ٹیم شروع سے ہی دباؤ میں نظر آئی، دباؤ کی وجہ سے اوپنرز روبن اوتھاپا اور امباتی رایدو بڑی پارٹنر شپ قائم نہ کر سکے اور 28 رنز پر روایتی حریف کی پہلی وکٹ گر گئی، روبن 22 رنز کی اننگز کھیل کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
دوسرے نمبر پر آنے والے سریش رائنا نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے اوپنر امباتی رایدو کے ساتھ مل کر 61 رنز کی شراکت قائم کی، 89 کے مجموعی سکور پر امباتی ہمت ہار گئے اور ملک کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 23 بالز کھیل کر 39 رنز بنائے۔
امباتی رایدو کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی رائنا کا زیادہ دیر ساتھ نہ دے سکا، سریش رائنا 52 رنز بنا کر نمایاں رہے، عرفان پٹھان 15، یوراج سنگھ 14، گرمیت سنگھ، پون نیگی، ہربجن سنگھ ایک ایک رنز ہی بنا پائے، یوسف پٹھان بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
انوریت سنگھ 20 اور دھول کلکرنی 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، یوں بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 175 رنز بنا پائی، پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور شعیب ملک نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3، 3 جبکہ سہیل تنویر اور سہیل خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔