انرجی سیکٹر میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے 18 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم : تین ہفتوں میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت

انرجی سیکٹر میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے 18 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف کی منظوری سے 18 رکنی کمیٹی کو 12 اہم ٹاسک دے دیئے گئے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو تین ہفتوں میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی۔

6 وفاقی وزراء، 6 وفاقی سیکرٹری اور چیئرمین ایف بی آر بھی کمیٹی میں شامل ہیں، آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے، کمیٹی کا فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت توانائی شعبہ سے متعلق اجلاس میں کیا گیا۔

کمیٹی گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کو حل کرنے کیلئے تجاویز تیار کرے گی، کمیٹی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے مالیاتی نظام کا بھی جائزہ لے گی، ، ٹائٹ گیس پالیسی 2024ء کو عملی شکل دے گی۔

کمیٹی ایل این جی کارگوز کیلئے بنچ مارکنگ پورٹ چارجز کے تعین سے متعلق تجاویز بھی تیار کرے گی، پٹرولیم ڈویژن کمیٹی کو سیکرٹری معاونت فراہم کرے گا۔