راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں پاک فوج کے کیپٹن نے شہادت کا رتبہ پا لیا جب کہ آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
دہشت گردوں کے خلاف جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد جام شہادت نوش کر گئے۔ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔ انہوں نے اکتوبر 2020ء میں پاکستان آرمی کی این ایل آئی رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ 24 سالہ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد نے 4 سال تک دفاعِ وطن کا مقدس فریضہ انجام دیا۔
کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کے سوگواران میں والد، والدہ، بھائی اور 4 بہنیں شامل ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے سے دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔