لاہور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم آج حلف اٹھائیں گی، گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب کے انتظامات مکمل

جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائی کورٹ کی 53 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے آج حلف اٹھائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس عالیہ نیلم کی حلف برداری کی تقریب آج گورنر ہاؤس لاہور میں ہو گی، تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر جسٹس عالیہ نیلم سے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف لیں گے۔

گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب کے انتظامات مکمل کر لیے گئے، وزیر اعلیٰ مریم نواز، صوبائی وزراء، ججز صاحبان سمیت اعلیٰ سرکاری اور سماجی شخصیات حلف برداری میں شرکت کریں گی، جسٹس عالیہ نیلم 53 ویں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گی۔

قبل ازیں صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون نے جسٹس عالیہ نیلم کا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جسٹس محمد شفیع صدیقی کی بطور چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب یونیورسٹی لاء کالج سے 1995ء میں لاء کی ڈگری حاصل کی جبکہ انہوں نے قانون کے دیگر ڈپلومے بھی کر رکھے ہیں، وہ 1996ء میں بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئیں اور 1998ء میں ہائی کورٹ جبکہ 2008ء میں سپریم کورٹ کی وکیل بنیں۔

آئینی، سول، فوجداری، دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں پریکٹس کا تجربہ رکھنے والی جسٹس عالیہ نیلم 2013ء میں لاہور ہائیکورٹ کی ایڈہاک جج کے طور پر تعینات ہوئیں اور 2015ء میں لاہور ہائیکورٹ کی مستقل جج بن گئیں۔