ایک گھر بنانے کے لیے لوگوں کو لاکھوں روپوں کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ اس کی تعمیر بھی کئی ماہ یا سال میں مکمل ہوتی ہے۔
مگر اب ایک ایسا انوکھا گھر سامنے آیا ہے جسے محض 11 منٹ میں کسی بھی جگہ تعمیر کیا جاسکتا ہے۔
اس سے بھی زیادہ اچھی بات یہ ہے کہ اس گھر کی قیمت 8 ہزار ڈالرز (22 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ہے۔
یہ فولڈ ایبل چھوٹے گھر ایک امریکی کمپنی سی میکس سسٹم نے ڈیزائن کیے ہیں۔
بنیادی طور پر یہ گھر قدرتی آفات کے شکار افراد کی پناہ گاہ کے لیے ڈیزائن کیے گئے تھے مگر اب انہیں کمرشل بنیادوں پر فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
سی میکس کے چیف ایگزیکٹو نکولس گارسیا میئر نے بتایا کہ بے گھر افراد کے لیے ڈیزائن کیے جانے والے یہ گھر دیگر مقاصد کے لیے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
یہ گھر 19 فٹ لمبے اور 7.4 فٹ چوڑے ہیں، یعنی لوگ آسانی سے اس میں رہ سکتے ہیں اور ان کے سر چھتوں سے نہیں ٹکراتے۔
ان گھروں کو کسی بھی جگہ اسمبل کرنے کے لیے ٹولز کی ضرورت نہیں۔
کمپنی کے مطابق 2 افراد محض 11 منٹ میں انہیں کہیں بھی اسمبل کر سکتے ہیں جبکہ چھوٹے حجم کے باوجود وہ بہت مضبوط گھر ہیں۔
کمپنی نے بتایا گیا کہ ان گھروں میں ائیر کنڈیشنر، سولر پینلز یا دیگر سہولیات کا اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
اسی طرح ان گھروں کوکسی بھی وقت ایک سے دوسری جگہ منتقل کیا جاسکتا ہے کیونکہ اس کا وزن 175 کلوگرام ہے۔