چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزدازہ حامد رضا کا کہنا ہے مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر فوری عہدے سے استعفیٰ دیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا الیکشن کمیشن نے ہمارا مینڈیٹ چرانے کی کوشش کی لیکن سپریم کورٹ نے آج حق دار کو حق ادا کرکے ادارے کا وقار بحال کیا۔
حامد رضا کا کہنا تھا سپریم کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن پر اظہار عدم اعتماد کر دیا، چیف الیکشن کمشنر فوری استعفیٰ دیں۔
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا سیاسی تاریخ میں آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے، فارم 47 کے ذریعے لوگ منتخب کروائے گئے، جب تک ہماری تمام سیٹیں واپس نہیں ملتیں جدو جہد جاری رہے گی، مخصوص نشستیں تو مل گئیں، فارم 47 کے ذریعےچھینی گئی سیٹیں بھی دی جائیں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیے اور پاکستان تحریک انصاف کو آئینی طور پر سیاسی جماعت قرار دیتے ہوئے انہیں خواتین اور اقلیتوں سے متعلق مخصوص نشستیں فراہم کرنے کا حکم جاری کیا۔