شیخ رشید نے اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کردی

راولپنڈی: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہےکہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کرتے ہیں۔

اڈیالا جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حالات خراب اور معیشت تشویشناک ہے، بجلی کے نرخ بڑھانے جا رہے ہیں، آپ اس ملک میں چھیناجھپٹی چاہتے ہیں، آپ حالات اتنےخراب کردیں گے کہ سنبھالے نہیں جائیں گے، غریب زندہ مرگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کرتا ہوں، میں نے بطور وزیر 5سال معافی دی، پولیس نے اپنے ساتھ کچھ اور لوگوں کے وقار کا بھی ستیاناس کیا، بہتر ہے ہمیں 2،2 سال سزا بنتی ہے وہ دیتے تو کاٹ لیتے،  686  مقدمات ہیں، اگر ایک ایک ہفتہ جرح ہو تو 10سال ختم نہیں ہوتے۔

سابق وزیر کا کہنا تھا کہ آپ نے صنم جاوید کو  وکیل کے چیمبر سے گرفتار کیا ہے، ہمیں کرینوں پر لٹکا دیں، سزا دیں لیکن ملک بچائیں، ملک کینیا بنتا جا رہا ہے،کے پی اور بلوچستان میں کیا حالات ہیں ، خدا کے لیے اپنی عزت اور ملک بچائیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ نواز شریف نیا بیانیہ لائیں گے اور عوام ذلیل ہونے کے لیے رہ جائے گی، نواز، شہباز کا بھی اب فیصلہ ہوگا،ایک مشرق دوسرا مغرب کو جائے گا، انہوں نے اپنے کیسز ختم کرائے مگر ملک کی معیشت ان سے نہیں سنبھل رہی،  گرمی میں لوگ مررہے ہیں کسی کو احساس نہیں، 77لاکھ لوگوں نےملک چھوڑنے کے لیے پاسپورٹ جمع کرادیے۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کوکیسے چھوڑیں گے؟ روز کہتے ہیں وہ آرہا ہے، وہ نہیں آرہا، قبر ایک اور مردے 3ہیں، عدلیہ کو سلام ہے کہ مخصوص نشستوں پر تاریخی فیصلہ کیا ہے، عدلیہ ملک کو بچانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی۔