آج کل سوشل میڈیا کے دور میں جہاں ٹک ٹاک ویڈیوز، انسٹاگرام اور فیس بک ریلز بہت عام ہیں وہاں عقل کافی پیچھے چلی گئی ہے، لوگ حفاظتی اقدامات کیے بغیر اور سوچے سمجھے بغیر کہیں بھی ہاتھ میں فون لیے کیمرہ کھولے کھڑے ہوجاتے ہیں۔
ایسا ہی کچھ بھارتی ریاست راجستھان میں ہوا جہاں ایک میاں بیوی ریل کی پٹری کے بیچ و بیچ ویڈیو بنانے لگے جب کہ ریل کی پٹریاں ایک پُل پر تھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 22 سالہ راہول میوادہ اور اس کی 20 سالہ اہلیہ جھانوی اس جگہ سے موٹرسائیکل پر گزر رہے تھے کہ انہوں نے میٹر گاج ٹرین کے لیے بنائے گئے پل پر فوٹو شوٹ کروانے کا فیصلہ کیا۔
فوٹوشوٹ کے دوران ہی ٹرین آگئی اور اچانک ٹرین کی آمد پر دونوں کو سمجھ نہیں آئی کہ کیا کیا جائے لہٰذا دونوں نے 90 فٹ کی بلندی سے نیچے کھائی میں چھلانگ لگادی جس سے دونوں زخمی ہوگئے۔
دونوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی گئی، راہول کو جودھپور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا، اس کی کمر پر متعدد چوٹیں آئیں جب کہ جھانوی کی ٹانگ فریکچر ہوگئی جس کے بعد اسے بھی اسپتال داخل کروادیا گیا۔