ایل پی ایل 2024 :شاداب سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے

کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں جاری لنکا پریمیئر لیگ 2024میں کولمبو اسٹرائیکرز نے جافنا کنگز کو 9وکٹوں سے شکست دیکر لیگ میں پھر واپس آگئی۔

اسٹرائیکرز کی جانب سے شاداب خان اور رحمان اللہ گرباز کی شاندار اننگز نے 110رنز کا ہدف صرف 9.5اوورز میں حاصل کر لیا۔ اس جیت سے ٹیم 6میچوں میں سے 3 میں کامیابی حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر برقرار ہے۔

ہدف کے تعاقب میں اوپنر اینجلو پریرا نے 8 گیندوں پر 16رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے اوپننگ پارٹنر گرباز نے محمد وسیم کے ساتھ ملکر بارش کے باوجود رن ریٹ زیادہ رکھا۔

گرباز اور وسیم کے درمیان صرف 45گیندوں پر 87رنز کی ناقابل شکست شراکت نے اسٹرائیکرز کو 10اوورز کے اندر اپنے ہدف کو حاصل کرنے کو یقینی بنایا، جس سے ان کے نیٹ رن ریٹ میں نمایاں اضافہ ہوا۔بلے باز گرباز 33گیندوں پر 57رنز بنا کر ناقابل شکست رہے اور انہوں نے 4چھکے اور 4چوکے لگائے۔

انہوں نے صرف 30گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وسیم (18گیندوں پر 2چوکے اور 3چھکوں سمیت 35)کی مدد سے اسٹرائیکرز9.5اوورز میں ایک وکٹوں کے نقصان پر 112 رنز بنالئے اس وقت میچ کی 61گیندیں باقی تھیں۔اس سے قبل کولمبو اسٹرائیکرز کے بالرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جافنا کنگز کو مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 109رنز تک محدود کردیا تھا۔

شاداب خان نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 4اوورز میں 10رنز دیکر 4وکٹیں حاصل کیں جس کے بعد وہ لیگ کے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔

پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان رواں ایڈیشن میں پہلے ہی ایک ہیٹ ٹرک کرچکے ہیں 9ویں اوور میں ایوشکا فرنینڈو اور فیبیئن ایلن کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کرکے اپنی دوسری ہیٹ ٹرک تک پہنچ گئے تھے تاہم کیونکہ بلے باز وجے کانت ویاسکانت نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا۔