پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، جماعت اسلامی

لاہور: جماعت اسلامی نے حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کر دیا۔

ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق اضافہ عوام پر ظلم ہے لہٰذا کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے، عوام دشمن اقدامات کے خلاف ’’حق دو عوام کو‘‘ تحریک چلا رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ جماعت اسلامی 26 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دے گی اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن قیادت کریں گے، عوامی حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے اور عدالتوں میں بھی جائیں گے جبکہ مطالبات کی منظوری تک دھرنے سے نہیں اٹھیں گے۔

قیصر شریف نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت پہنچیں گے اور دھرنے تک عوامی موبلائزیشن جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ دھرنے میں علمائے کرام، وکلا، تاجر اور صنعت کار بھی شریک ہوں گے جبکہ کسان اور مزدور سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن عاشورہ کے بعد صوبائی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کریں گے جبکہ عوامی موبلائزیشن کے لیے بڑے شہروں کا بھی دورہ کریں گے، دھرنے میں شرکت کے لیے ہر شعبے کی نمایاں شخصیات سے ملاقاتیں کی جائیں گی، سیاسی پارٹیاں اگر دھرنا میں شرکت کرنا چاہیں تو کوئی قدغن نہیں۔