پینتالیس سالہ مصری شہری میگڈی عیسیٰ نے سات دن میں دنیا کے ساتوں عجوبے دیکھنے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق میگڈی عیسیٰ نامی شہری نے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے 6 دن 11 گھنٹے 52 منٹ میں دنیا کے 7 مشہور عجائبات کی سیر کی۔
میگڈی عیسیٰ نے اپنے سفر کا آغاز دیوار چین سے کیا، اس کے بعد آگرہ میں تاج محل اور پھر اردن کے قدیم شہر پیٹرا گئے۔
انہوں نے روم کے کولوزیم، برازیل میں کرائسٹ دی ریڈیمر اور پیرو میں ماچو پِچو کا رخ کیا۔
میکسیکو کے قدیم شہر چیچن اٹزا پہنچ کر اُن کا سفر اختتام پذیر ہوا۔
اس انوکھے کارنامے کی تعریف میں گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انسٹاگرام پر ان کی ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں ان عجائبات کی سیر کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
میگڈی عیسیٰ کا کہنا تھا کہ یہ بچپن کا خواب تھا جس کی منصوبہ بندی کرنے میں تقریباً ڈیڑھ سال کا عرصہ لگا۔
ان کا کہنا کہ ’مجھے پروازوں، ٹرینوں، بسوں اور سب ویز سے ہوتے ہوئے اِن عجائبات تک پیدل چل کر جانا تھا، ایک ذرا سی رکاوٹ پورے سفر کے پروگرام کو خراب کر سکتی تھی‘۔