خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل پر نہیں نئے انتخابات پر بات ہوئی، اسد قیصر کا مولانا کو فون

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کو ٹیلیفون کر کے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کے حوالے سے بیان پر کہا کہ ہم نے آپ سے ملاقات میں کے پی اسمبلی تحلیل کرنے پر کوئی بات نہیں کی۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ملاقات میں ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کرنے پر بات ہوئی، پی ٹی آئی اور جے یو آئی ملک میں نئے انتخابات پر ایک موقف رکھتی ہیں، دونوں جماعتوں کا خیال ہے کہ بحران سے نکلنے کا حل نئے اور شفاف انتخابات ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے بھی جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسمبلیاں تحلیل کرنے یا استعفوں پر کوئی بات نہ کرنے کی تصدیق کی۔

بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے یا قومی اسمبلی سے استعفوں پر کوئی مشاورت ہوئی نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ ہوا۔