190ملین پاؤنڈکیس: پرویز خٹک نے عدالت میں دیےگئے بیان میں ترمیم کی درخواست دے دی

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں  پرویز خٹک نے عدالت میں دیےگئے بیان میں ترمیم کی درخواست دے دی۔

احتساب عدالت میں جمع کرائےگئے نئے بیان میں پرویز خٹک نےکہا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کے اصرار  پر کابینہ نے بغیر  پڑھے اضافی ایجنڈے کی منظوری دی اور اس اسکینڈل پر بات اور بحث کرنےسے بھی منع کیا۔

پرویز خٹک کے مطابق  بانی پی ٹی آئی نے بند لفافے کے ایجنڈے پر منظوری کے لیے اصرار کیا۔

اس سے قبل  عدالت میں دیےگئے بیان میں پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ نیب نے مئی 2023  میں مجھ سے 190ملین پاؤنڈ کے حوالے سے بیان لیا، شہزاد اکبر نےکابینہ کو بتایا تھا کہ پاکستانی سے غیر قانونی طور پر باہر بھجوائی گئی بڑی رقم برطانیہ میں پکڑی گئی، شہزاد اکبر  نے بتایا کہ پکڑی گئی رقم پاکستان کو واپس کی جائےگی۔

سابق وفاقی وزیر نے عدالت کو اپنے بیان میں بتایا تھا کہ یہ معاملہ کابینہ کے ایجنڈے پر نہیں تھا، میٹنگ میں اضافی ایجنڈے کے طور پر سامنے لایا گیا، اضافی ایجنڈے پر مجھ سمیت دیگر کابینہ اراکین نے اعتراض کیا تھا، کابینہ میں رقم کے حوالے سے کاغذات بند لفافے میں پیش کیے گئے، اضافی ایجنڈے کی منظوری کابینہ سے لی گئی۔

دوسری جانب  190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں  بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی اڈيالہ جیل میں ہوئی سماعت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے نیب کے ایک اور گواہ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب کا بیان ریکارڈ کیا۔ 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں مجموعی طور پر 34 گواہان کے بیانات ریکارڈکیے جاچکے ہیں۔