شیخ رشید کا دو بڑوں سے حکومت کو فارغ کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے 31 اگست تک سامنے آجائے گا کہ ملک کی سیاست کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا یہ تو پی ٹی آئی پر پابندی لگانا چاہتے تھے، 31 اگست تک فیصلہ آجائے گا، عدالتیں اس دفعہ ان کو روند دیں گی۔

ان کا کہنا تھا عدلیہ سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی باتیں کریں گے تو کیا ہو گا، یہ بے وقوف جو کچھ کرتے ہیں فوج بھگتتی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا قوم بجلی کے بلوں سے تنگ ہے، بھائی بھائی کو مار رہا ہے، 10 ڈالر بھی کہیں سے نہیں آئے، موجودہ نالائق حکومت ایک نفرت کا نشان ہے، میں دو بڑوں کو کہتا ہوں کہ ان کو فارغ کریں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا 31 اگست تک سامنے آجائے گا کہ ملک کی سیاست کیا ہے، 31 اگست کے بعد میں سیاست میں عملی حصہ لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی لوگ ایک ہی ٹھوس کیس بناتے ہیں لیکن میرے خلاف 14کیسز ہیں، یہ صرف تنگ کرنے کے بہانے ہیں، ہائیکورٹ قرار دے چکی کہ ہمارے خلاف کوئی کیس نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا بھارتی فلمساز مہیش بھٹ نے 2 بار لال حویلی پر فلم بنانے کی درخواست کی لیکن میں نے اجازت نہیں دی۔