خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دوران آپریشن شدید فائرنگ کے تبادلے میں خوارجی دہشت گرد رزاق ہلاک ہو گیا جو ہلاک دہشت گرد گل بہادر کا قریبی ساتھی تھا۔
اس سلسلے میں بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گرد چھ جنوری 2023 کو فقیر آف ایپی کے پوتے ملک شیر محمد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ 16 مارچ 2024 کو شمالی وزیرستان میں کیے گئے خود کش حملے کا سہولت کار بھی تھا۔
شمالی وزیرستان میں کیے گئے اس حملے میں سات بہادر جوان شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور فورسز ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران ملک بالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں میں بے پناہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس) کی رپورٹ کے مطابق موجودہ سال کی پہلی ششماہی میں دہشت گردی اور خودکش حملوں کا خطرناک رجحان جاری رہا جس میں ملک بھر میں 389 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اِن 432 اموات میں عام شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی 281 شہادتیں شامل ہیں۔