اسرائیلی فوج کی 2 اسکولوں پر وحشیانہ بمباری: 30 فلسطینی شہید

غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ کے 2 اسکولوں میں قائم پناہ گزین کیمپوں پر وحشیانہ بمباری کردی جس کے نتیجے میں 30 فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے 2 اسکولوں حسن سلامہ اور النصر میں قائم خیمہ گاہوں پر وحشیانہ بمباری کی جس میں خواتین اور بچوں سمیت 30 فلسطینی شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ان اسکولوں کو حماس کی الفرقان بٹالین اپنے دہشت گردوں کے چھپنے کی جگہ اور کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کرتی تھی۔

خیال رہے کہ ان دو اسکولوں کے بعد غزہ میں اب تک ایسے 11 اسکولوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے جن میں فلسطینی بے گھر افراد کی خیمہ گاہیں قائم تھیں اور جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے رہائش پذیر ہیں۔

اسرائیل کے 7 اکتوبر کے بعد سے تاحال ایسے اسکولوں میں قائم پناہ گزین کیمپوں پر حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 150 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 200 سے زائد زخمی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ایک اسرائیلی حملے میں غزہ شہر میں ایک اور اسکول کو نشانہ بنایا گیا جس میں کم از کم 17 افراد شہید ہوگئے تھے۔