نیا توشہ خانہ ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع

 اسلام آباد: نئے توشہ خانہ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں 11 روز کی توسیع کردی گئی۔

 نئے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدالت پیش کیا گیا۔

نیب کے تفتیشی آفیسر محسن ہارون نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، نیب کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ملزمان نے گزشتہ 10 روزہ ریمانڈ میں تفتیشی ٹیم سے صرف دو مرتبہ تعاون کیا ہے، ملزمان کا 14 روزہ مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاکہ تفتیش مکمل کی جاسکے۔

بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی جانب سے معاون وکلاء خالد یوسف چوہدری اور انتظار پنجوتھہ عدالت پیش ہوئے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 11 روز کی توسیع منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 19 اگست کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ 

نئے توشہ خانہ ریفرنس کی تفتیش میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی 24 روزہ ریمانڈ مکمل کرچکے ہیں۔