میاں بیوی کے درمیان جھگڑے روکنے کا آسان اور حیرت انگیز طریقہ

آپ کے خیال میں کسی خوش باش شادی شدہ جوڑے کے کامیاب تعلق کے پیچھے کیا راز چھپا ہوتا ہے؟

یہ راز آپ کی زبان میں چھپا ہوا ہے۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ ایک دوسرے سے خوش جوڑوں میں بھی لڑائی ہو جاتی ہے، مگر اسے زیادہ بڑا بنانے سے روکنے کا انحصار آپ کی زبان پر ہوتا ہے۔

جی ہاں واقعی اگر آپ شریک حیات سے تند و تیز بحث کر رہے ہیں تو محض 5 سیکنڈ کی خاموشی یا وقفہ اسے مزید بڑھنے سے روک سکتا ہے۔


یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی۔

اسکاٹ لینڈ کی سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ جھگڑے کے دوران کچھ دیر کی خاموشی یا وققہ آگ بجھانے کا کام کرتا ہے جس سے لڑائی مزید بڑھتی نہیں۔

تحقیق کے مطابق محض 5 سیکنڈ کی خاموشی طویل وقفے جتنی مؤثر ثابت ہوتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ یہ پہلی بار ہے جب تجربات سے ثابت ہوا کہ لڑائی کے دوران چند سیکنڈ کا وقفہ اسے روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ چند سیکنڈ کی خاموشی بھی میاں بیوی کے جھگڑوں کو روک سکتی ہے اور ان کا باہمی تعلق بھی متاثر نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک سادہ، مفت اور مؤثر طریقہ ہے جس سے جھگڑے کے دوران منفی جذبات کو کم کیا جاسکتا ہے اور اسے آسانی سے روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے متعدد جوڑوں کو ایک ایسی گیم کا حصہ بنایا گیا جس کے دوران ایک فرد کی جانب سے ناخوشگوار آواز شریک حیات کو سنائی جاتی۔

جوڑوں کو اس گیم کے 30 راؤنڈز میں شامل کیا گیا اور مختلف مواقعوں پر وقفے کی ہدایت کی گئی۔

ایڈوانسڈ آرٹی فیشل انٹیلی جنس اینڈ مشین لرننگ ٹیکنالوجیز کو جذباتی ردعمل کے تجزیے کے لیے استعمال کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ویسے تو جوڑوں کے درمیان تند و تیز بحث شدت اختیار کرجاتی ہے مگر مختصر وقفے سے حالات کافی حد تک معمول پر آجاتے ہیں۔

محققین نے تسلیم کیا کہ یہ حکمت عملی کسی حد تک محدود ہے مگر اس سے معمولی جھگڑوں کو بڑھ کر سنگین ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل نیچر میں شائع ہوئے۔